وجئے واڑہ میں مرکز کیلئے 9 سوالات کی اجرائی، امیر اور غریب کی خلیج میں اضافہ
حیدرآباد۔/28مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی نریندر مودی حکومت گذشتہ 9 برسوں میں تمام محاذوں پر ناکام رہی ہے۔ وجئے واڑہ میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل پر وزیر اعظم کو اپنی خاموشی توڑنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے گذشتہ دو انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ عوام کو حکومت سے راحت ملنے کے بجائے اضافی مسائل کا سامنا ہے۔ عام آدمی اور متوسط طبقات پر زائد بوجھ عائد کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آندھرا پردیش کا دورہ کرتے ہوئے اے آئی سی سی کی جانب سے مرکزی حکومت سے پوچھے گئے 9 سوالات جاری کئے۔ 9 سوالات خاموشی توڑیئے پردھان منتری کے کیاپشن کے ساتھ جاری کئے گئے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے ملک بھر میں مرکزی حکومت سے9 سوالات پوچھے جن میں عوام کو درپیش مسائل شامل ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے اے آئی سی سی کی نمائندگی کرتے ہوئے آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں سوالنامہ جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے عوام سے اچھے دن اور سب کا ساتھ سب کا وکاس کا وعدہ کیا تھا لیکن حکومت کی کارکردگی وعدوں کے برعکس ہے لہذا عوام نے آئندہ عام انتخابات میں مودی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مودی دور حکومت میں امیر اور غریب کے درمیان خلیج بڑھتی جارہی ہے۔ امیر لوگ مزید امیر بن رہے ہیں جبکہ غریب کی حالت مزید بگڑرہی ہے۔ مودی نے عوامی املاک کو اپنے قریبی صنعتی اداروں کے حوالے کردیا ہے۔ر