مودی زہر اگل رہے ہیں۔نفرت پھیلاتے ہوئے اقتدار بچانے کوشاں

,

   

آر ایس ایس اور بی جے پی ملک سے تحفظات ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بی آرا یس بھی بی جے پی کے ساتھ ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی میڈیا سے بات چیت

حیدرآباد۔27اپریل(سیاست نیوز) نریندر مودی کے دوبارہ اقتدار میں آنے پر ملک سے تحفظات ختم کردیئے جائیں گے۔ وزیر اعظم تحفظات کے متعلق کیوں یہ کہنے سے گریز کر رہے ہیں کہ انہیں اقتدار ملنے تحفظات کو ختم نہیں کیا جائے گا! مودی حکومت دوبارہ اقتدار میں آنے پر ایس سی ‘ ایس ٹی اور بی سی تحفظات کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اپنی قیامگاہ پر میڈیا سے بات چیت کے دوران بتایا کہ بی آر ایس سربراہ تلنگانہ میں تمام امور پر بات کر رہے ہیں لیکن مودی حکومت کی جانب سے تحفظات کے خاتمہ کی کوشش پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک میں بی جے پی غیر قانونی طریقہ سے 400 نشستوں پر کامیابی پانے کوشاں ہے جبکہ سابق وزراء ہریش راؤ اور کے ٹی راما راؤ کہہ رہے ہیں کہ وہ اندرون 100 یوم تلنگانہ میں کانگریس حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی طاقت رکھتے ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ مودی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا جمہوری موقع عوام کے ہاتھ میں ہے انہیں بے دخل کرنے کی بات کرنے کی بجائے دونوں قائدین حکومت تلنگانہ کو بے دخل کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مودی حکومت اور آر ایس ایس ملک کے دستور کو تبدیل کرکے تحفظات کو ختم کرنے کی سازش کے تحت 400 نشستوں پر کامیابی کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ دستور میں تبدیلی کیلئے دو تہائی اکثریت لازمی ہے ۔ چیف منسٹر نے مودی حکومت کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ جو خواب دیکھ رہے ہیں ہندوستان میں اسے کبھی پورا نہیں کیا جاسکتا بلکہ وزیر اعظم کو اقتدار سے ملک کے عوام بے دخل کردیں گے کیونکہ ان کی زہر افشانی سے اب عوام واقف ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے مودی کو زہر اگلنے والا ناگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ عوام سے وعدوں کو پورا کرنے کی بجائے نفرت پھیلاکر اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔انہوں نے آر ایس ایس کا تذکرہ کیا اور کہا کہ آرایس ایس اپنے قیام سے ملک میں تحفظات کی مخالف ہے اور اپنے اسی منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی آر ایس ایس اور بی جے پی سے کوشش کی جار ہی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کو منڈل کمیشن کی مخالف قراردیتے ہوئے کہا کہ ایس سی ‘ ایس ٹی تحفظات کے علاوہ منڈل کمیشن سے دیئے گئے بی سی تحفظات کی مخالفت کرنے والے اب ملک سے تحفظات کے خاتمہ کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں جبکہ کانگریس ملک کے تمام شہریوں کو ان کی آبادی کے تناسب کے اعتبار سے حصہ داری کی بات کر رہی ہے۔ چیف منسٹر نے ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کے فیصلہ کو تاریخ ساز قرار دیا اور کہا کہ اس سے ترقی کی راہیں ہموار ہونگی اور تمام شہریوں کو مساوی حقوق ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات کو بچانے کانگریس کی کامیابی ضروری ہے کیونکہ اگر انڈیا اتحاد یا کانگریس کو ناکامی ہو تو ملک میں ترقی اور تحفظات کے دشمن اقتدار پر فائز ہوجائیںگے ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کسانو ںکے قرضہ جات کی معافی کے اعلان پر قائم ہیں اور 15 اگسٹ تک کسانوں کے 2لاکھ روپئے تک کے قرض معاف کئے جائیں گے۔ ریاست میں حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی بات کرنے والوں کو چاہئے کہ وہ بی جے پی کا ساتھ دینا بند کریں اور ان کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی متحدہ کانگریس کو نقصان پہنچانے کی ساز ش کر رہے ہیں۔ کل بی آر ایس رکن اسمبلی ملا ریڈی کے بیان پر چیف منسٹر نے کہا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی نے ملکا جگری حلقہ سے اپنی پارٹی امیدوار کی بجائے یہ کہا کہ بی جے پی امیدوار ایٹالہ راجندر کامیاب ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے اسے بی آر ایس کی پالیسی قرار دیتے ہوئے استفسار کیا کہ اگر ایسا نہیں ہے تو ملا ریڈی کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کی گئی!انہوں نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر دماغی عدم توازن کا شکار ہونے کا الزام عائد کرکے کہا کہ وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔اسی لئے 5 حلقوں پر بی جے پی سے خفیہ مفاہمت کرکے بی جے پی کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ملک بھر میں عوام میں بی جے پی اور مودی کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم مودی کو سرمایہ کاروں اور دولتمندوں کا دوست قرار دیتے ہوئے کہاکہ غریب عوام کیلئے بی جے پی اور مودی دونوں کسی کام کے نہیں ہیں اسی لئے وہ غریب عوام دشمن پالیسیوں پر عمل پیراہیں۔3