نئی دہلی: کانگریس نے وزیراعظم نریندر مودی کو 72ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ ان کی سالگرہ پر یوم بے روزگاری منایا جا رہا ہے ، اس لیے انھیں نوجوانوں کو روزگار دینے کا پروگرام شروع کرتے ہوئے آنے والے دو سال میں بڑے پیمانے پر روزگار دینا چاہئے ۔کانگریس کے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم محکمہ کی سربراہ سپریاشری نیت نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج وزیراعظم مودی کی 72ویں سالگرہ ہے اور کانگریس انھیں دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی لمبی عمر کی دعا کرتی ہے ۔انھوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے یہاں عظیم وزیر اعظم کے سالگرہ کو علامتی طور پر منایا جاتا ہے ۔ بچوں کے پیارے چچا نہرو کی سالگرہ کو’یوم اطفال‘، اندرا گاندھی کی سالگرہ کو’قومی ایکتا دیوس‘ کے طور پر، راجیو گاندھی کی سالگرہ کو ’سدبھاؤنا دیوس‘ اور اٹل جی کی سالگرہ کو’سوشاسن دیوس‘کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ آج کا دن بھی بے حد خاص ہے اور مودی جی کی کا میابیوں کی بھی خوب تعریف ہورہی ہے ۔ ملک کے نوجوانوں کے لیے مودی جی نے اتنا کچھ کیا ہے کہ آج ان کی سالگرہ کو ’بے روزگاری دیوس ‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے ۔
انھوں نے کہا،[؟]ہندوستان دنیا کا سب سے نوجوان ملک ہے اور ہمارے یہاں کام کرنے والے 60فیصد لوگ یا تو کام نہیں کر رہے ہیں یا کام کی تلاش بھی نہیں کر رہے ۔یہی نہیں 20-24سال کی عمر کے 42فیصد نوجوان بے روزگار ہیں۔ اگر یہ حالت بھیانک نہیں تو اور کیا ہے ؟ مودی جی نہ تو کورونا اور نہ ہی یوکرین روس کے جنگ کے پیچھے چھپ سکتے ہیں۔محترمہ شری نیٹ نے کہا کہ کورونا سے پہلے ملک میں بے روزگاری 45سالوں میں سب سے بلندی پر پہنچ گئی تھی۔ اعداد کے مطابق اس وقت بے روزگاری ایک سال میں سب سے اوپر8.3فیصد پر ہے ۔ مسٹر مودی کا دو کروڑ سالانہ روزگار دینے کا وعدہ تھا تو گزشتہ آٹھ سال میں 16کروڑ نوکریاں مل جانی چاہئے تھی لیکن ان آٹھ سالوں میں نوکری کے درخواست 22کروڑ آئے اور روزگار صرف سات لاکھ لوگوں کو ملے ۔