نئی دہلی، 18 فروری (یو این آئی) اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کے لیے آئے گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے آج یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میںنریندر مودی نے کہا کہ دہلی میں اے آئی امپیکٹ سمٹ کے موقع پر سندر پچائی سے مل کر خوشی ہوئی، ہم نے ہندوستان میں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ہونے والے کاموں اور گوگل اس شعبے میں ہمارے ہونہار طلبہ اور پیشہ ور افراد کے ساتھ کیسے کام کر سکتا ہے ، ان سب کے بارے میں بات کی۔ اس سے قبل، آج صبح یہاں پہنچنے پر پچائی نے کہا کہ وہ یہاں اے آئی امپیکٹ سمٹ میں شرکت کیلئے آئے ہیں اور 20 فروری کو کلیدی خطاب کریں گے ۔ یہ چوٹی کانفرنس 16 سے 20 فروری تک بھارت منڈپم میں منعقد ہو رہی ہے اور اس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ پچائی کا خطاب 20 فروری کی صبح مقرر ہے ۔ اس سمٹ میں تقریباً 20 سربراہان مملکت اور حکومت سمیت 100 سے زائد ممالک کے مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں صدر فرانس ایمانوئل میکرون، ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز، برازیل کے صدر لوئس اناسیو لولا دا سلوا، یونانی وزیر اعظم کیریاکوس اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ خالد زاید النہیان شامل ہیں۔