مودی غریبوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے پرعزم

   

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ حکومت غریب سے غریب لوگوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور ان کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے بنیادی ڈھانچہ تیار کرے گی ۔ مودی نے کولیشن فار ڈیزاسٹر ریسیلیئنٹ انفراسٹرکچر (سی ڈی آر آئی) پر بین الاقوامی کانفرنس میں اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کا عزم یہ ہے کہ کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہے ۔ اس سیشن سے آسٹریلوی وزیر اعظم سکاٹ موریسن، گھانا کے صدر نانا اڈو ڈنکوا اکوفو اڈو، جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا اور مڈغاسکر کے صدر اینڈری نیرینا راجویلینا نے بھی خطاب کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بنیادی ڈھانچہ عوام کے لیے ہوتا ہے اور اس کا مقصد انہیں اعلیٰ معیار، قابل اعتماد اور پائیدار خدمات دستیاب ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی کہانی کے محور میں لوگ ہونے چاہئے اور ہندوستان میں یہ ہی کر رہے ہیں۔ تعلیم، صحت، پینے کے پانی، صفائی، بجلی، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بنیادی خدمات کو وسعت دینے اور اپ گریڈ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا بھی براہ راست سامنا کررہے ہیں ۔ اسی لیے گلاسگو میں ہونے والی کانفرنس سی او پی -26 میں ہم نے اپنی ترقیاتی کوششوں کے ساتھ ساتھ سال 2070 میں ‘نیٹ زیرو’ یعنی کاربن کے اخراج کو صفرتک لانے کا عزم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انسانی صلاحیت کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے بنیادی ڈھانچہ ضروری ہے ۔