مودی فرضی چوکیدار، صرف مجرمین کی حفاظت

   

وزیراعظم پر چندرا بابوکے سخت ریمارکس، بی جے پی کا شدید ردعمل
امراوتی۔/13مارچ، (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی کی مذمت کرتے ہوئے ایک ایسا جھوٹا اور فرضی چوکیدار قرار دیا جو صرف مجرمین کی حفاظت کرتا ہے۔ نائیڈو کے ان ریمارکس پر بی جے پی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ تلگودیشم پارٹی کے صدر اوچھی سیاست پر اتر آئے ہیں کیونکہ 11 اپریل کو ہونے والے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شکست کے اندیشوں سے پریشان ہوچکے ہیں۔ چندرا بابو نائیڈو نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ خود کوچوکیدار کہلانے کا آپ کو کیا حق ہے ؟ آپ صرف مجرمین کے چوکیدار ہیں ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی کو 2017 میں ای ڈی نے ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے صدر جگن موہن ریڈی کے خلاف تحقیقات کرنے کیلئے کہا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا کیونکہ مودی نے جگن کو بچانے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ حکومت تلنگان نے جگن کو غلط طور پر فراہم کردہ اراضیات کے الاٹمنٹ کو منسوخ نہیں کیا۔ نائیڈو نے کہا کہ وہ (جگن ) خود کو مودی اور کے سی آر کے سپرد کرچکے ہیں۔