مودی مزید اکثریت سے وزیراعظم بنیں گے : امیت شاہ

,

   

احمدآباد۔ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی صدر امت شاہ نے آج کہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی گزشتہ انتخابات سے بھی زیادہ اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپسی کریں گے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی گجرات میں ایک مرتبہ پھر سبھی 26 سیٹیں جیتے گی اور اترپردیش میں بھی مہاگٹھ بندھن کی کوششوں کے باوجود گزشتہ انتخابات کی طرح 73 سے زیادہ سیٹیں جیتے گی اوربنگال اور اڈیشہ میں بھی شاندار مظاہرہ کرے گی۔لوک سبھا انتخابات کے اعلان سے پہلے ہونے والی بی جے پی کے چار انتخابی پروگراموں کے پہلے مرحلے کے تحت پہلا پروگرام ‘میرا خاندان بی جے پی خاندان’ کے نعروں کے ساتھ یہاں شروع کرنے کے موقع پر انہوں نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کو صرف ساڑھے 17 کروڑ ووٹ ملے تھے اور یہ اکثریت میں آگئی تھی۔ اس مرتبہ تو صرف اس ایک مہم کے ذریعہ پانچ کروڑ خاندان اپنے گھروں پر پارٹی کے جھنڈے لگاکر اس کے فوٹو سوشل میڈیا پر شیئر کریں گے ۔ صرف ان خاندانوں میں بی جے پی کے 20کروڑ ووٹر ہوگئے جو گزشتہ مرتبہ کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔بی جے پی رابطہ مہم، کانگریس کی بری حکومت سے آزادی پر دیوالی منانے کے لئے ‘کمل جیوتی پروگرام’ اور ایک دن تین کروڑ سے زیادہ موٹر سائیکل پر نکلنے والی ‘وجے سنکلپ ریلی’ جیسے پروگرام ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو بغیر لیڈر اور اصول والے مہاگٹھ بندھن کا ڈر اپنے دلوں سے نکال دینا چاہئے ۔ کیونکہ اس کے علاقائی لیڈروں کو ملک کے دیگر حصوں میں کوئی اثرات نہیں ہیں اور ان سب کو بی جے پی گزشتہ انتخابات میں ان کی ریاستوں میں شکست سے دوچار کرچکی ہے ۔