مودی ملک کو مذہب، ذات پات پر تقسیم کر رہے ہیں:تھرور

   

شملہ : سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے منگل کو دعویٰ کیا کہ 4 جون کو مرکز میں انڈیا گروپ کی حکومت بننے جا رہی ہے ۔ اس بار ملک کے عوام تبدیلی کے موڈ میں ہیں۔ تھرور نے شملہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران یہ دعویٰ کیا۔ نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی نے 2014 میں ملک کے عوام سے کئی وعدے کئے تھے لیکن آج بھی وہ ایک بھی وعدہ پورا نہیں کر پائے ہیں۔ مودی نے ہر سال دو کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، آج ملک میں بے روزگاری اپنے عروج پر ہے ۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، آج کسان اپنے مطالبات کے لیے احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے ۔ لیکن وزیراعظم مودی مسائل پر بات نہیں کرتے بلکہ مذہب اور ذات پات کے نام پر ملک کو بانٹنے کا کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں آتے ہی ملک کے لوگوں کو سماجی انصاف فراہم کرے گی۔