ہندوستان اور امریکہ فطری شراکت دار ۔ اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کاعہد
نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی نائب صدر کملا ہیرس کو اُن کے نانا پی وی گوپالن سے متعلق قدیم اعلامیہ جات پر مشتمل ایک کاپی حوالے کی۔ وہ حکومت ہند کے سینئر آفیسر تھے جنھوں نے کئی اہم عہدوں پر کام کیا۔ گزشتہ روز امریکی نائب صدر کے ساتھ منعقدہ سرکاری میٹنگ میں مودی نے اُنھیں میناکاری سے تیار کردہ چیس کا سیٹ بھی بطور تحفہ پیش کیا۔ سرکاری ذرائع نے آج بتایا کہ وزیراعظم نے امریکہ اور ہندوستان کو فطری شراکت دار قرار دیا۔ وائٹ ہاؤز میں منعقدہ میٹنگ کے دوران دونوں طرف سے عہد کیا گیا کہ ہند ۔ امریکہ اسٹراٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ دونوں قائدین نے جمہوریت کو درپیش خطرات اور ہند ۔ بحرالکاہل صورتحال کے بشمول مشترک مفاد کے عالمی مسائل پر غور و خوض کیا۔ ذرائع نے کہاکہ یہ باہمی اجلاس کامیاب رہا۔ مودی نے کملا ہیرس کو دورۂ ہند کی دعوت دی۔ دوسری طرف مودی نے جو سرکاری دورہ پر چہارشنبہ کو واشنگٹن پہونچے، آسٹریلیائی وزیراعظم اسکاٹ ماریسن کو نقروی گلابی میناکاری کشتی اور جاپانی وزیراعظم یوشی ہیدے سوگا کو صندل کی لکڑی کا بودھ مجسمہ بطور تحفہ پیش کیا۔مودی نے آسٹریلیائی اور جاپانی قائدین کیساتھ بھی باہمی اجلاس منعقد کئے۔