سدھارتھ کی موت معیشت کی ناکامی، ابھیشیک سنگھوی کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے لیڈر ابھیشیک سنگھوی نے چہارشنبہ کو الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے رکاوٹوں سے پاک معیشت کے لئے ووٹ دینے والے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ ’’کیفے کافی ڈے‘‘ (سی سی ڈی) کا مالک وی جی سدھارتھ کی نعش کرناٹک کے ضلع دکھشاکنڑا میں دریائے نیتراوتی سے برآمد ہونے کے فوری بعد یہ تبصرہ کیا۔ سدھارتھ کی موت کا سبب بننے والے حالات اور واقعات پر بحث کے لئے کانگریس لوک سبھا میں تحریک التواء کی نوٹس بھی دے چکی ہے۔ سنگھوی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’حکومت کے بارے میں یہ احساس ہے کہ کام کاج کے لئے کوئی کام ہی نیہں ہے اور مودی ماقبل 2014ء انتخابی مہم جیسے وقفہ میں دوبارہ لوٹ آئے ہیں۔ اج انہوں نے ان عوام کو دھوکہ دیا ہے جنہوں نے رکاوٹوں سے پاک ایک آزاد اور متحرک معیشت کے لئے ووٹ دیا تھا‘‘۔ سنگھوی نے الزام عائد کیا کہ ’’مودی اپنے دوبارہ انتخاب کے بعد عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے اکثریت پرستی، اقلیت، کشمیر، پاکستان، مسلم خواتین، رام اور حتیٰ کہ انسان بمقابلہ جنگلی جانوروں جیسے موضوعات پر اتر آئے ہیں۔ مودی حقیقت میں کسی چیز سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں؟۔
گھٹتی ہوئی معیشت اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری، انفراسٹرکچر کی ناکافی کسانوں کی ہلاکتیں، امن و قانون کی بگڑی صورتحال (سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں)۔