ہم سشماسوراج کا احترام کرتے ہیں، جشن میں کے سی آر کو بھی مدعو کیا گیا
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے تلنگانہ مجاہدین کی توہین کی ہے۔ تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب جشن کا ایک حصہ ہے۔ کانگریس حکومت نے کے سی آر کو بھی مدعو کیا ہے جبکہ بی آر ایس کے دورحکومت میں علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کو کبھی بھی جشن کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ پونم پربھاکر نے ریاستی وزیر جوپلی کرشناراؤ، میئر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین کے ساتھ پریڈ گراونڈ پہنچ کر یوم تاسیس تقریب تیاریوں کا جائزہ لیا۔ پونم پربھاکر نے وزیراعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر کانگریس پر تنقید کی تھی۔ بچہ کو جنم دیکر ماں کا قتل کردینے کا الزام عائد کیا تھا جبکہ ہم آنجہانی سشماسوراج کا احترام کرتے ہیں جنہوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں تعاون کیا تھا۔ سونیا گاندھی نے تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا تھا۔ تلنگانہ کی تحریک میں حصہ لینے والوں کو ہم نے یوم تاسیس تقریب میں مدعو کیا ہے جس میں سابق چیف منسٹر کے سی آر کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ پونم پربھاکر نے توقع ظاہر کی ہیکہ تلنگانہ کی یوم تاسیس تقریب میں سونیا گاندھی شرکت کریں گی۔ تلنگانہ کے سرکاری لوگو پر جاری تنازعہ پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ نے کہا کہ سابق حکومت عوامی رائے حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ کا سرکاری لوگو تیار کرتی تو آج تبدیل کرنے کی نوبت نہیں آتی تھی۔ کانگریس حکومت اسمبلی میں تمام پارٹیوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کرے گی۔2