جموں و کشمیر میں لوک سبھا و اسمبلی کے بیک وقت انتخابات نہ کرانے پر عمر عبداللہ کی تنقید
جموں و کشمیر ۔ /10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات کے ساتھ اسمبلی انتخابات کو بیک وقت منعقد نہ کرتے ہوئے وزیراعظم مودی پاکستان اور دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول کے اعلان کے فوری بعد عمرعبداللہ نے کہا کہ سکیورٹی وجوہات ظاہر کرتے ہوئے بیک وقت انتخابات نہیں کروائے جارہے ہیں ۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مودی حکومت سکیورٹی انتظامات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ وقت پر اسمبلی انتخابات منعقد کرنے میں ناکام مودی حکومت دہشت گردوں اور علحدگی پسندوں کے سامنے جھک گئے ہیں ۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر نے مزید کہا کہ 1996 ء کے بعد سے ریاست میں یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اسمبلی انتخابات منعقد نہیں ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 ء میں جموں و کشمیر کے لوک سبھا انتخابات وقت پر ہوئے تھے۔ کشمیر میں تباہ کن سیلاب کے بعد اسمبلی انتخابات بھی منعقد کئے گئے تھے لیکن اب اسمبلی انتخابات میں تاخیر سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی بری طرح ناکام ہے ۔