مودی نے راجستھان کی وندے بھارت ٹرین کو جھنڈی دکھائی

   

جے پور: وزیر اعظم نریندر مودی نے آج راجستھان کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو جھنڈی دکھاکرروانہ کیا۔ مودی نے نئی دہلی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جے پور ریلوے اسٹیشن سے ٹرین کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جے پور ریلوے اسٹیشن پر پروگرام سے خطاب کیا۔ اس موقع پر گورنر کلراج مشرا، وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، اپوزیشن لیڈر راجندر راٹھوڑ، و دیگر موجود تھے۔ وندے بھارت ایکسپریس اجمیر سے دہلی کینٹ کے درمیان کا فاصلہ 5 گھنٹے 15 منٹ میں طے کرے گی۔ اس روٹ پر موجودہ تیز ترین ٹرین شتابدی ایکسپریس ہے جس کا سفر کا وقت اجمیر سے دہلی کینٹ تک 6 گھنٹے 15 منٹ ہے ۔ نئی وندے بھارت ایکسپریس سے سفر کا وقت ایک گھنٹہ کم ہوگا۔
اس روٹ پر چلنے والی موجودہ تیز ترین ٹرین سے ایک گھنٹہ تیز ہوگی۔ اجمیر-دہلی کینٹ وندے بھارت ایکسپریس ہائی رائز اوور ہیڈ الیکٹرک (او ایچ ای) لائن پر دنیا کی پہلی سیمی ہائی اسپیڈ مسافر ٹرین ہوگی۔