نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 1971 کی جنگ میں پاکستان پر فیصلہ کن اور تاریخی فتح کے 50 سال پورے ہونے کے موقع پر آج یہاں نیشنل وار میموریل پر وجے مشعل روشن کی ۔ ملک میں اس فتح کے سلسلے میں آج سے گولڈن وکٹری ایئر منایا جارہا ہے ۔ اس دوران ملک بھر میں مختلف مقامات پر فتح کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔ مودی نے آج نیشنل وار میموریل جا کر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا اور وار میموریل کی امر جوان جیوتی سے چار سنہری وجے مشعلیں روشن کیں ۔ ان مشعلوں کو فوج کی خصوصی گاڑیوں میں ملک کے مختلف حصوں بالخصوص مہاویر چکر اور پرم ویر چکر سے نوازے گئے جوانوں کے گاؤں اور ان جگہوں پر لے جایا جائے گا جہاں پاکستانی فوج کے ساتھ لڑائی ہوئی تھی ۔