مودی و مرکزی حکومت پر کے سی آر کا نرم رویہ

   

یوم تاسیس تقریب کے موقع پر موقف تبدیل
حیدرآباد۔/3جون، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو حالیہ عرصہ میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنارہے تھے اچانک ان کے رویہ میں نرمی دیکھی گئی ہے۔ یوم تاسیس تلنگانہ کی گذشتہ سال 2022 میں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور ریاست پر عائد کی گئی معاشی تحدیدات کو ختم کرنے پر زور دیا تھا۔ ایک سال کے بعد کے سی آر نے یوم تاسیس کے اپنے خطاب میں مرکزی حکومت اور وزیر اعظم کے بارے میں کوئی راست ریمارک نہیں کیا اور نہ ہی کوئی حوالہ دیا۔ انہوں نے انتخابی سال کی اپنی اہم تقریر میں مرکز کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ امتیازی سلوک کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ برخلاف اس کے کے سی آر نے 1971 میں اندرا گاندھی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ 1969 میں شروع ہونے والی تلنگانہ تحریک کو سختی سے کچل دیا گیا تھا۔ 1971 کے انتخابات میں اگرچہ عوامی رائے علحدہ تلنگانہ کے حق میں تھی لیکن مرکزی حکومت نے اسے قبول نہیں کیا جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے عوام مایوس ہوگئے تھے۔ر