ریتو بندھو کی منظوری دونوں کے اتحاد کا ثبوت : ریونت ریڈی
حیدرآباد ۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان فیویکال کا بندھن ہے۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی جانب سے عین الیکشن سے قبل ریتو بندھو اسکیم کی اجرائی کی منظوری اس کا ثبوت ہے۔ اے ریونت ریڈی نے آج میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ باوجود اس کے عوام کا فیصلہ تبدیل ہونے والا نہیں ہے۔ ریتو بندھو اسکیم سے استفادہ کے باوجود کسان کانگریس کو ہی ووٹ دیں گے۔ کانگریس کی حکومت تشکیل پانے کے بعد کانگریس نے جو وعدہ کیا ہے، اس کو پورا کرے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہوجانے کا پردہ فاش ہوگیا ہے۔ کانگریس کو شکست دینے کیلئے بی جے پی اور بی آر ایس اتحاد کرتے ہوئے پیسہ پانی کی طرح بہا رہے ہیں۔ وہ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ان دونوں جماعتوں سے پیسہ بٹور لیں کیونکہ یہ ان کا اپنا پیسہ ہے مگر ووٹ کانگریس کو ہی دیں۔ سابق آئی اے ایس آفیسر اے کے گوئل کے گھر سے حکمراں جماعت بی آر ایس نے 1000 کروڑ روپئے تقسیم کئے ۔ ابھی بھی ان کے گھر میں 300 کروڑ روپئے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنے فون سے سی ای او کو 100 کال کیا مگر وکاس راج نے فون نہیں اٹھایا۔ میں نے بھی وکاس راج سے بات کرنے کی کوشش کی، مگر وہ دستیاب نہیں ہوئے۔ گوئل کی قیامگاہ سے کچھ نہ ملنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ جب تک جی ویویک بی جے پی میں تھے، تب تک کے وہ بھگوان رام تھے۔ جیسے ہی وہ کانگریس میں شامل ہوگئے بی جے پی کو راون لگنے لگے ہیں ۔ تمام سروے کانگریس کے حق میں ہیں کانگریس پارٹی 80 سے زیادہ اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ بی جے پی تلنگانہ میں بی آر ایس کوجتانے کی کوشش کررہی ہے۔ ریتو بندھو اسکیم پر عمل کرنے کی منظوری اس کا ثبوت ہے۔ تلنگانہ کے عوام کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے بی آر ایس اور بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔ن