مودی کا آج پنجاب کا دورہ ، ہوائی اڈہ کا نام تبدیل ہوگا

   

نئی دہلی۔ 31 جنوری (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی مہان سنت اور سماجی مصلح گرو روی داس کی 649ویں جینتی کے موقع پر اتوار کے روز پنجاب کا دورہ کریں گے اور وہاں آدم پور ہوائی اڈے کا نام ‘شری گرو روی داس جی ہوائی اڈہ، آدم پور’ رکھنے کے ساتھ ہی ریاست کو شہری ہوابازی کے بنیادی ڈھانچہ کا تحفہ بھی دیں گے ۔ یہ اطلاع یہاں جاری کردہ ایک سرکاری اعلامیہ میں دی گئی ہے ۔ اس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم مودی کل دوپہر تقریباً ساڑھے تین بجے ریاست کے آدم پور پہنچیں گے ۔ پی ایم مودی اس دورہ میں لدھیانہ کے ہلوارہ ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا بھی افتتاح کریں گے ۔ پنجاب میں ہوابازی کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی سمت میں یہ ٹرمینل عمارت ریاست کے لیے ایک نیا راستہ کھولے گی جس سے لدھیانہ اور آس پاس کے صنعتی و زرعی علاقوں کو براہ راست فائدہ ہوگا۔ لدھیانہ ضلع میں واقع ہلوارہ ہندوستانی فضائیہ مرکز بھی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ لدھیانہ کے پرانے ہوائی اڈے کا رن وے چھوٹا تھا جو صرف چھوٹے ہوائی جہازوں کی پرواز کے لیے موزوں تھا۔ اب ہلوارہ میں ایک نیا سول اینکلیو تیار کیا گیا ہے جس کا رن وے بڑا ہے اور یہ اے 320 جیسے بڑے ہوائی جہازوں کی آمدورفت کی اہلیت رکھتا ہے ۔