نئی دہلی، 6 فروری (یواین آئی) کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم نریندر مودی کا راجیہ سبھا میں صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریکِ پر دیا گیا جواب ان کی کمزوری کو ظاہر کررہاتھا اور ان کی زبان سے صاف تھا کہ وہ لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے سوالوں سے بہت خوفزدہ ہیں۔کھرگے نے جمعہ کو سوشل میڈیا فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پوری تقریر کے دوران مسٹر مودی خوفزدہ نظر آ رہے تھے ۔ امریکہ کے سامنے خودسپردگی، راہل گاندھی کے سوالوں کا ڈر اور لوک سبھا میں اپنی بات رکھنے کے لیے نہ آپانے کو ان کا خوف ان کے چہرے پر صاف جھلک رہا تھا۔کانگریس صدر نے کہا کہ مسٹر مودی سرکاری شعبے کی کمپنیوں کو بند کر رہے ہیں، حالانکہ انہی کمپنیوں کی وجہ سے ہندوستان کی ترقی ہوئی ہے اور ملک کی معیشت کو شکل ملی ہے ، لیکن حیرت کی بات ہے کہ مسٹر مودی انہی کمپنیوں کو دیوالہ نکالنے والی قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے یہاں تک بھی کہا کہ یہ سرکاری کمپنیاں پیسے کی بربادی کا سبب ہیں، اس لیے وہ انہیں ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔