مودی کا راج گھاٹ پر گاندھی جی کو خراج عقیدت

   

نئی دہلی: 78 ویں یوم آزادی کی تقریبات میں پرچم کشائی سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کی صبح یہاں راج گھاٹ کا دورہ کیا اور ملک کی جانب سے بابائے قوم مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔آج ملک اپنا 78 واں یوم آزادی منا رہا ہے اور اس موقع پر تاریخی لال قلعہ پر خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ مودی نے گاندھی جی کی سمادھی پر جاکر انہیں یاد کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔قبل ازیں، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہم وطنوں کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے ، انہوں نے لکھا ‘‘تمام اہل وطن کو یوم آزادی کی بہت بہت مبارک ہو۔ جئے ہند۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سمادھی اٹل سدیو پر بھی جاکر گلہائے عقیدت نذر کئے ۔
سرمایہ کاری راغب کرنے کیلئے ریاستیں واضح پالیسی بنائیں: مودی
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی سمت میں سب سے مل کر کام کرنے کی اپیل کرتے ہوئے لال قلعہ کی فصیل سے ریاستوں سے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے ایک واضح پالیسی بنانے کیلئے کہا۔ 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر اپنے اب تک کے 11 خطابوں میں سے سب سے طویل 96 منٹ کے اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ آج دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا، “میں نے انتخابات کے بعد جو دیکھا ہے وہ یہ ہیکہ میری تیسری مدت میں، جو لوگ مجھ سے ملنے کا مطالبہ کر رہے ہیں، وہ سرمایہ کار ہیں پوری دنیا کے سرمایہ کار ہیں، وہ ہندوستان میں آکر سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا سنہری موقع ہے ۔ میں ریاستی حکومتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے ایک واضح پالیسی مرتب کریں۔ انہیں گڈ گورننس کا یقین دلائیں، امن و امان کا یقین دلائیں۔ ہر ریاست کو صحت مند مقابلے میں آگے آنا چاہیے ۔
وزیراعظم مودی کی ’ایک ملک، ایک انتخاب‘ کی اپیل
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو لال قلعہ کی فصیل سے ’ایک ملک ایک انتخاب‘نظام کی اپیل کرتے ہوئے تمام جماعتوں سے تعاون کی اپیل کی۔ 78ویں یوم آزادی پر قوم سے اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ ملک میں تھوڑے تھوڑے وقفوں پر انتخابات ہوتے ہیں، جو ملک کی ترقی میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ’ون نیشن، ون الیکشن’‘پر بنائی گئی کمیٹی نے کافی بات چیت کے بعد اچھی رپورٹ دی ہے ۔اپنے خطاب میں مودی نے کہاکہ ملک میں بار بار ہونے والے انتخابات اس ملک کی ترقی میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور تعطل پیدا کر رہے ہیں۔
آج کسی بھی اسکیم کو الیکشن سے جوڑنا آسان ہو گیا ہے کیونکہ ہر تین ماہ، چھ ماہ بعد کہیں نہ کہیں الیکشن ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پر نظر ڈالیں تو ملک میں ہر کام الیکشن کے رنگ میں رنگ گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن کے معاملے پر بڑے پیمانے پر بات ہوئی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے ۔ ایک کمیٹی (رام ناتھ کووند کمیٹی) نے اس موضوع پر بہت اچھی رپورٹ تیار کی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو ون نیشن، ون الیکشن کیلئے آگے آنا ہوگا۔ لال قلعہ سے ترنگے جھنڈے کی گواہی میں، میں ملک کی سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں، میں ملک کے آئین کو سمجھنے والے لوگوں سے درخواست کرتا ہوں، کہ ہندوستان کی ترقی کیلئے ہندوستان کے وسائل کو عام لوگوں کیلئے زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے ، اس کیلئے ہمیں ایک ملک ایک انتخاب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کا سنہری دور ہے اور ملک کو 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانا ہے ۔مودی نے کہا کہ یہ ملک رکاوٹوں، چیلنجوں پر قابو پانے اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہے اور دوستو، میں صاف دیکھ سکتا ہوں کہ میرے خیالات میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے ۔ میرے خوابوں کے سامنے کوئی پردہ نہیں ہے ۔