مودی کا وارانسی، امیت شاہ کا گاندھی نگر سے مقابلہ

,

   

بی جے پی کی 184 لوک سبھا امیدواروں کی پہلی فہرست جاری
سمرتی ایرانی بمقابلہ راہول گاندھی

نئی دہلی ۔ 21 مارچ (سیاست ڈ اٹ کام) بی جے پی نے آج فیصلہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی وارانسی حلقہ سے مقابلہ کریں گے اور صدر پارٹی امیت شاہ گاندھی نگر حلقہ میں ایل کے اڈوانی کی جگہ لیں گے، اس کے ساتھ پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کیلئے 184 امیدواروں کی اپنی پہلی فہرست کا اعلان کردیا۔ سینئر پارٹی لیڈر جے پی نڈا نے پریس کانفرنس کو بتایا کہ پارٹی نے وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کو لکھنؤ اور دیگر مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ناگپور سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں قائدین گذشتہ عام انتخابات میں ان نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے۔ مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کو دوبارہ امیٹھی سے نامزد کیا جارہا ہے اور وہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے خلاف انتخابی میدان میں ہوں گی۔ بی جے پی نے کئی ریاستوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جن میں اترپردیش، ٹاملناڈو، گجرات، مغربی بنگال، راجستھان شامل ہیں۔ لوک سبھا انتخابات 11 اپریل کو شروع ہوں گے اور 19 مئی تک 7 مرحلوں میں مکمل ہوں گے۔ 23 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔