حیدرآباد۔/24 نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ کے کسانوں کے مسئلہ پر نریندر مودی حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ ریاستی وزراء اور عہدیداروں کی نمائندگی کے باوجود مرکزی وزیر پیوش گوئل نے تلنگانہ سے دھان کی خریدی کے بارے میں موقف واضح نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف پنجاب میں کسانوں سے دھان خریدا جارہا ہے لیکن تلنگانہ میں خریدی کیلئے مرکزی حکومت تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کانگریس اور بی جے پی پر کسانوں کے مسئلہ پر سیاسی کھیل کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ریونت ریڈی اور بنڈی سنجے کسانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر کے نئی دہلی میں قیام کے دوران وزیر اعظم نے ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ مرکزی وزیر نے ملاقات ضرور کی لیکن دھان کی خریدی کے مسئلہ کو آئندہ کیلئے ٹال دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہیں جبکہ مرکزی حکومت کا رویہ تلنگانہ کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کو کسانوں کی مخالفت مہنگی پڑے گی۔ر