نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔یہ کانفرنس ورچوول طور پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشانبہ میں منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس کی صدارت تاجکستان کے صدر امامولی رحمن کریں گے ۔ ہندوستانی وفد کی قیادت وزیر اعظم مودی ویڈیو لنک کے ذریعہ کریں گے اور کانفرنس میں کلیدی نشست سے خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر دوشانبہ میں موجود ہوں گے ۔ایس سی او سربراہ اجلاس میں رکن ممالک اور مبصر ممالک کے رہنما شریک ہو رہے ہیں ، ایس سی او کے سکریٹری جنرل ، ایس سی او میں علاقائی انسداد دہشت گردی سسٹم کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹر ، ترکمانستان کے صدر گربانگولی بردی محمد اور دیگر مہمان بھی شرکت کریں گے ۔ ایس سی او سمٹ کا انعقادپہلی بار ورچوول طریقہ سے کیا جا رہا ہے ۔ ہندوستان اس کانفرنس میں چوتھی بار بطور مکمل رکن شرکت کرے گا۔ ایس سی او کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر یہ کانفرنس تنظیم کی دو دہائیوں کی کامیابیوں اور سرگرمیوں کا جائزہ لے گی۔