مودی کو ملی یادگاروں کی ای نیلامی

   

نئی دہلی : وزارت ثقافت ہفتہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کو موصول 1200 سے زیادہ سوینیئرز کی ای نیلامی شروع کرے گی، جو 2 اکتوبر تک چلے گی۔ثقافت و سیاحت کے وزیر جی کشن ریڈی نے جمعہ کو یہاں ریاستی وزیر برائے ثقافت و پارلیمانی امور ارجن رام میگھوال اور ریاستی وزیر برائے ثقافت و امور خارجہ میناکشی لیکھی کی موجودگی میں کہا کہ اس سے قبل 2019 اور 2021 میں بھی وزیراعظم کو ملے تحائف اور یادگاروں کو نیلام کئے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ 2019 میں بھی ان اشیاء کو کھلی نیلامی کے ذریعے عوام کے سامنے رکھا گیا تھا۔ اس وقت نیلامی کے پہلے دور میں 1805 تحائف رکھے گئے تھے اور دوسرے راؤنڈ میں 2772 تحائف رکھے گئے تھے ۔ سال 2021 میں بھی ستمبر میں ای۔آکشن کا انعقاد کیا گیا تھا، جس میں 1348 اشیاء نیلامی کے لیے رکھی تھیں۔ اس سال تقریباً 1200 مومنٹوز اور تحائف نیلامی کے لیے رکھے گئے ہیں۔ یادگاریں نیشنل میوزیم آف ماڈرن آرٹ، نئی دہلی میں آویزاں ہیں۔ ان اشیاء کو ویب سائٹ پر بھی دیکھا جا سکتا ہے ۔