نئی دہلی : /16 ستمبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے ۔ ٹرمپ نے مودی کو فون کیا اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ مودی کی /17 ستمبر کو 75 ویں سالگرہ ہے ۔
مودی کی سالگرہ پر بی جے پی کی خاص تیاریاں
وارانسی، 16 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر وارانسی میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ بی جے پی کاشی علاقے کے صدر دلیپ پٹیل نے بتایا کہ 17 ستمبر کی صبح عوامی مقامات، مجسموں اور پارکوں میں صفائی مہم چلائی جائے گی۔ اس کے بعد ‘آئی ایم اے ‘ میں خون کے عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ اولڈ ایج ہوم، کوڑھ کے مریضوں کے آشرم اور یتیم خانوں میں پھل تقسیم کیے جائیں گے ۔ شام کو دشاشومیدھ گھاٹ پر عالمی شہرت یافتہ گنگا آرتی کے دوران وزیر اعظم کی لمبی عمر کی دعائیں اور پوجا کی جائے گی۔ اسی دوران میئر اشوک کمار تیواری نے بتایا کہ 17 ستمبر کو میونسپل کارپوریشن کی جانب سے 111 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جائے گا، ان میں سڑکوں کی تعمیر، مرمت کے کام اور پانی کی نکاسی کے منصوبے شامل ہیں۔
مودی آج پی ایم مترا پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے
بھوپال، 16 ستمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اپنی سالگرہ کے موقع پر کل مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کا دورہ کریں گے اور ملک کے پہلے پی ایم مترا پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ اس دورے سے پہلے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی کی قیادت میں پوری قوم اور مدھیہ پردیش ایک صحت مند سماج اور مضبوط قوم کے عزم کو پورا کرنے کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ وزیر اعظم مودی کے مدھیہ پردیش کے دورے کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعہ دیے گئے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ 17 ستمبر کو وزیر اعظم دھار ضلع میں پی ایم مترا پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ یہ ملک کا اپنی نوعیت کا پہلا پی ایم مترا پارک ہے ۔ مدھیہ پردیش میں 17 ستمبر سے 2 اکتوبر تک سیوا پکھواڑا بھی منایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مودی دھار ضلع کے بھینسولا گاؤں میں 17 ستمبر کو سوستھ ناری سشکت پریوار ابھیان کا آغاز کریں گے ۔ مہم کے تحت آیوشمان آروگیہ مندروں اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹرز میں صحت اور غذائیت کے مقصد سے کیمپ لگائے جائیں گے۔
رضاکارانہ خون کے عطیہ کی بھی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ ریاست بھر کے ہیلتھ چیک اپ کیمپوں میں ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر، خون کی کمی، تپ دق کی اسکریننگ اور جانچ بھی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ مدھیہ پردیش کو وکست بھارت 2047 کے مشن میں اہم کردار ادا کرنا ہے ۔ ہم صحت مند معاشرے کی طرف مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں۔ خواتین کی صحت اورانہیں بااختیار بنانا ترقی کی بنیاد ہے ۔
اس کے علاوہ متعدد اسکیموں کا افتتاح کیا جائے گا۔
جل کل احاطے میں 75 کلو کا لڈو کیک بھی عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔
اکھل بھارتیہ سنت کمیٹی کے قومی جنرل سکرٹری سوامی جتیندر آنند سرسوتی نے بتایا کہ کمیٹی کے تمام ریاستی قومی جنرل سکرٹری 17 ستمبر کو کاشی وشوناتھ مندر میں کنول کے 1100 پھولوں کے ساتھ سہستر آچن کریں گے ۔