آج کامغرور شخص گاندھی جی کے نظریات کو چیلنج کرنے کی کوشش کررہا ہے ، کیرالا میں کانگریس لیڈر کا پارٹی ورکرس سے خطاب
ویاناڈ ( کیرالا) ۔30جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ نتھو رام گوڈسے کے نظریات پر یقین رکھتے ہیں ۔ کیرالا کے اپنے حلقہ ویاناڈ میں کلپٹا مقام پر ’’دستور بچاؤ مارچ ‘‘ کی قیادت کرنے کے بعد پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی برسی کے موقع پر آج سارے ہندوستانی عوام نے یہ ثابت کردیا کہ وہ اس ملک کے حقیقی شہری ہیں ۔ مہاتما گاندھی کی 72ویں برسی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب کے دوران شہریت قانون کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے مہاتما گاندھی کے قاتل گوڈسے کا حوالہ دیا اور کہا کہ نریندر مودی بھی گوڈسے کے نظریات رکھتے ہیں ۔ آج ایک مغرور شخص گاندھی جی کے نظریات کو چیلنج کرنے کی کوشش کررہا ہے ۔ اس شخص کے اندر نفرت اور غصہ بھراہوا ہے ۔ اُسے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ ہندوستان کی اصل طاقت کیا ہے ۔ نتھو رام گوڈسے اور نریندر مودی کا نظریہ ایک ہی ہے کہ دونوں یکساں نظریہ پر یقین رکھتے ہیں ۔ مودی اور گوڈسے میں سوائے اس بات کے کوئی فرق نہیں ہے کہ مودی کے پاس گوڈسے کے نظریات پر یقین رکھنے کی سچائی بیان کرنے کی ہمت نہیں ہے ۔ نئے شہریت قانون پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی سے سوال کیا اور پوچھا کہ’’ ہندوستانیوں سے یہ پوچھنے والے آپ کون ہوسکتے ہیں کہ وہ ہندوستانی ہے یا نہیں ثابت کرو ‘‘ ۔ ہندوستانیوں کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ ہندوستانی ہونے کا ثبوت پیش کریں ۔ آخر نریندر مودی کون ہیںکہ یہ فیصلہ کریں کہ میں ہندوستانی ہوں یا نہیں ؟ ۔ میں جانتا ہوں کہ میں ہندوستانی ہوں ، مجھے کسی کے سامنے یہ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ کانگریس کے سابق صدر نے مزید کہا کہ ملک 130کروڑ ہندوستانیوں کو یہ ثابت کرنے کی ضرورت نہیںہے کہ وہ لوگ ہندوستانی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس طرح کی نفرت پھیلانے والوں سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے ۔بی جے پی کے ساتھ پُرامن طریقہ سے لڑائی وقت کا تقاضہ بن گئی ہے ۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم ان کی نفرت کے خلاف لڑیں ، ہمارا فرض ہے کہ ہم پُرامن طریقہ سے بی جے پی کا مقابلہ کریں ۔ ہم کو تشدد پر یقین نہیں ہیں ، ہم محبت و اخوت پر یقین رکھتے ہیں ۔ ہم انہیں پیار اور محبت سے شکست دیں گے ۔ یہ ہندوستان کی سرزمین مختلف زبانوں و مختلف مذاہب سے سجی ہوئی ہے ۔ اب ساری دنیا کو بتانے کا وقت آگیا ہے کہ یہ ملک ایک عظیم تر ملک ہے ۔ انہوں نے ملک میں بڑھتی بے روزگاری اور معاشی انحطاط کا حوالہ دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو مودی حکومت میںروزگار نہیں مل رہا ہے ، ان کا مستقبل تاریک بنادیا جارہا ہے ۔
