مودی کی انتخابی مہم دروغ گوئی، جھوٹ اور نفرت پر مبنی تھی

,

   

کیرالا کے لوک سبھا حلقہ ویاناڈ میں صدر کانگریس راہول گاندھی کا دورہ ، ہم نفرت کو محبت میں تبدیل کردیں گے
ویاناڈ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے اپنے لوک سبھا حلقہ ویاناڈ کا دوسرے دن بھی دورہ کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی پر اپنی تنقیدوں کا سلسلہ جاری رکھا اور کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں نریندر مودی کی ساری مہم جھوٹ، زہر اور نفرت سے بھری پڑی تھی۔ اُنھوں نے عہد کیاکہ میں مودی کے اِس نفرت بھرے پرچار کا سچائی، محبت اور اُخوت کے ساتھ مقابلہ کروں گا۔ اپنے حلقہ کا پہلی مرتبہ دورہ کرتے ہوئے صدر کانگریس راہول گاندھی نے پارٹی ورکرس سے بھی خطاب کیا۔ ہفتے کے دن ایک روڈ شو کے دوران اُنھوں نے ضلع کے مختلف علاقوں جیسے کلاپٹا، کملوکاڈو اور پنامرم میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اِس موقع پر کانگریس زیرقیادت یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے ورکرس اور خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کانگریس جنرل سکریٹری انچارج برائے کرناٹک کے سی وینو گوپال، کیرالا اسمبلی میں کانگریس کے اپوزیشن لیڈر رمیش چنتالا، کیرالا کانگریس کے صدر ملاپلی رامچندرن بھی راہول گاندھی کی خصوصی گاڑی میں سوار تھے۔ اگرچیکہ کیرالا کے کئی علاقوں میں آج شدید موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری تھا لیکن اِس بارش کی پرواہ کئے بغیر عوام کی کثیر تعداد راہول گاندھی کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے پہونچی تھی۔ کیرالا میں جمعہ کے دن سے موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ مودی نے اپنی تمام انتخابی مہم میں نفرت ہی نفرت پھیلائی، برہمی دکھائی اور اتنا جھوٹ کہاکہ لوگ سچ کو غلط سمجھنے لگے۔

نفرت، غصہ، دروغ گوئی ہی ان کے ہتھیار ہیں لیکن کانگریس وزیراعظم کے اِس رویہ کا بھرپور مقابلہ جاری رکھے گی۔ وزیراعظم مودی نے بدترین جذباتی کھیل کھیلا ہے اور ہم اِس کا جواب دے کر رہیں گے۔ قومی سطح پر بھی ہم مودی کے پھیلائے گئے زہر کا مقابلہ کررہے ہیں اور اِس زہر کی جگہ کو محبت سے صاف کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کلاپیٹا میں ایک پرہجوم جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اِن کے لوک سبھا حلقہ ویاناڈ میں اگرچہ بہت بڑے چیالنجس پائے جاتے ہیں لیکن پارٹی ورکروں نے مل جل کر کام کیا اور انھیں کامیاب کیا اور میرا کام یہ ہے کہ میں اپنی ساری توجہ اِس حلقہ کی جانب مرکوز کروں۔ تمام پارٹیوں کے کارکنوں نے میری تائید کی ہے میں اِن تمام کا شکرگذار ہوں۔ انتخابی مہم کے دوران میرے حق میں عوام سے ووٹ مانگنے والے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اب میرا کام ویاناڈ کو ترقی دینا ہے۔ راہول گاندھی نے ویاناڈ لوک سبھا حلقہ سے مقابلہ کیا تھا جبکہ اِن کے خاندانی روایتی حلقہ امیتھی میں اِنھیں مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے شکست دی ہے۔ راہول گاندھی نے ویاناڈ میں 4.31 لاکھ ووٹوں کی اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔