مودی کی بحیثیت وزیر اعظم تیسری مرتبہ حلف برداری ، 72 وزراء کو بھی حلف دلایا گیا

,

   

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ریکارڈ تیسری بار وزیر اعظم کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے پہلے آج وزیر اعظم مودی نے ان تمام ممبران پارلیمنٹ سے بات چیت کی جن کا نئی حکومت میں وزراء کی کونسل کا حصہ بننے کے امکانات تھے۔اس اجلاس میں امیت شاہ، راجناتھ سنگھ، نتن گڈکری، نرملا سیتارامن، ڈاکٹر ایس جے شنکر، دھرمیندر پردھان، اشونی ویشنو اور پیوش گوئل شامل تھے جو مودی 2.0 کا حصہ تھے۔ دیگربی جے پی قائدین شیوراج سنگھ چوہان، جیوترادتیہ سندھیا، جے ڈی یو لیڈر راجیو رنجن سنگھ، ایچ اے ایم لیڈر جیتن رام مانجھی، آر ایل ڈی کے جینت چودھری، جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی، ایل جے پی (رام ولاس) کے سربراہ چراغ پاسوان اور جیتن پرساد شامل تھے۔ ان سب کو نئی دہلی میں وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر طلب کیا گیا تھا۔ اس سے پہلے وزیراعظم مودی نے قومی جنگی یادگار پر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم مودی کے ساتھ 72وزراء کو بھی حلف دلایا گیاجن میں امیت شاہ ‘ راجناتھ سنگھ ‘ نتن گڈکری بھی شامل ہیں اور جن سے متعلق کہا جارہا ہے کہ وہ اپنی وزارتوں پر برقرار رہیں گے ۔ اس طرح لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد اب 18ویں لوک سبھا کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے مودی اور وزراء کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئیں ۔ بی جے پی کے تمام اتحادیوں کے سینئر لیڈران کو وزیر کے طور پر حلف لینے کیلئے اطلاع دی گئی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے بھی حلف برداری میں شرکت کی۔ ہندوستان کے پڑوسی ممالک کے رہنماوں نے تقریب حلف برداری میں شرکت کی جن میں مالدیپ کے صدر محمد موئیزو، سری لنکا کے صدر رانیل وکرما سنگھے، سیشلز کے نائب صدر احمد عفیف، ماریشس کے وزیر اعظم پراوِند کمار جگناوتھ، بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ، نیپال کے وزیر اعظم پشپا کمل دہل ‘پرچنڈ’ اور بھوٹان کے وزیر اعظم شیرنگ ٹوبگے شامل ہیں۔