مودی کی جانب سے ملک کا بار بار پاکستان سے تقابل ہندوستان کی توہین

,

   

وزیراعظم پر اہم مسائل سے توجہ ہٹانے پاکستان جیسے مردہ گھوڑے کا سہارا لینے کا الزام ، غلام نبی آزاد کا بیان

بنگلورو۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ محض اہم مسائل سے ملک و قوم کی توجہ ہٹانے وقفے وقفے سے پاکستان کے نام پر غیرضروری ہوا کھڑا کرتے ہیں حالانکہ پڑوسی ملک ایک ’مردہ گھوڑا ہے جس کو حتی کہ جموں و کشمیر کی پولیس بھی بہ آسانی شکست دے سکتی ہے۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد نے یہ بھی کہا کہ نریندر مودی ہندوستان کا پاکستان سے تقابل کرتے ہوئے اپنے ملک کی توہین کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی نہیں دیکھا کہ وزیراعظم بیروزگاری کے مسئلہ پر کوئی بات کرتے ہیں یا وزیر داخلہ کسانوں کے مسائل پر کچھ بولتے ہیں اور دیگر وزراء مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کو بہتر بنانے کی کبھی کوئی بات کرتے ہیں۔ بی جے پی قائدین نے کبھی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کی بات کی۔ یہ ایسے مسائل ہیں جس پر ہر فرد کو گہری تشویش ہے خواہ وہ کسی بھی مذہب یا ذات پات سے تعلق رکھتا ہو۔ غلام نبی آزاد نے ہفتہ کو یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ بس اگر ان سب (وزیراعظم، مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین) سے کچھ سنتا ہوں تو وہ پاکستان کے خلاف چیخ پکار اور بیان بازی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ایک مردہ گھوڑا ہے… محض مسائل سے توجہ ہٹانے پاکستان کا نام لیا جاتا ہے۔ پاکستان آخر ہے ہی کیا؟

اگر آپ کشمیر کی پولیس وہاں بھیج دیں تو پاکستان کو شکست دے سکتے ہیں… اس طرح وزیراعظم مودی پاکستان کے ساتھ ہندوستان کا تقابل کرتے ہوئے اپنے ملک کی توہین کررہے ہیں اور مجھے افسوس ہے کہ یہ ہندوستان کی بہت بڑی توہین ہے۔ بیروزگاری، مہنگائی اور معیشت جیسے کئی اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے مودی پر کانگریس اکثر پاکستان یا دہشت گردی کے علاوہ چند حساس اور جذباتی مسائل کا سہارا لینے کا الزام عائد کرتی رہی ہے۔ غلام نبی آزاد نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاجی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران اس حد تک بڑے پیمانے پر مسلسل عوامی احتجاج کا سلسلہ نہیں دیکھا۔ ایسے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جس میں سماج کے تمام طبقے شامل ہیں اور یہ واضح اشارہ ہے کہ واقعی کچھ غلط ہوا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر آزاد نے سی اے اے کے خلاف بنگلورو میں گزشتہ ماہ کے احتجاج میں دو افراد کی ہلاکتوں پر سخت افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہلوکین کو ’معصوم بچے‘ کہتے ہوئے خراج عقیدت ادا کیا۔ غلام نبی آزاد نے یہ بھی واضح کردیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں جاری مخالف سی اے اے احتجاج کے دوران صرف مسلمان ہی ہلاک نہیں ہوئے ہیں بلکہ سماج کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے عوام احتجاجوں کا حصہ ہیں ۔ اس قانون کے خلاف سارا ملک اٹھ کھڑا ہوچکا ہے۔