نئی دہلی 30 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جاپان کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات امن ‘ خوشحالی اور استحکام سیمتعلق ہندوستان کے موقف میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس خیال کا اظہار کیا ۔ انہوں نے جاپانی وزیر خارجہ توشی متشو موٹیگی اور وزیر دفاع تارو کونو کے ساتھ ملاقات میں یہ بات کہی ۔ دونوں جاپانی وزراء یہاں ہند ۔ جاپان دفاعی و خارجی وزارتی مذاکرات میں حصہ لینے کیلئے ہندوستان کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ اس ملاقات میں وزیر اعظم نے ہندوستان ۔جاپان تعلقات میں فروغ اور ان کو آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کی بہتری اور فائدہ کیلئے ان تعلقات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزارت خارجہ نے یہ بات بتائی ۔ مودی نے جاپانی وزراء کو واقف کروایا کہ وہ وزیر اعظم جاپان شینزو آبے کے دورہ ہندوستان کے بھی منتظر ہیں۔ آبے ہند ۔ جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس میں حصہ لینے کیلئے آئندہ مہینے ہندوستان کا دورہ کرنے والے ہیں۔ اس موقع پر اہم امور پر بات چیت بھی ہوگی ۔