نئی دہلی۔ یوتھ کانگریس نے آج پورے ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی سالگرہ پر قومی بے روزگاری کے دن کے طور پر منائی اور یہاں اپنے دفتر میں اپنے کارکنوں کے ساتھ بے روزگاری میلے کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر سرینواس بی وی نے کہا کہ مودی حکومت ملک کے لیے بے روزگاری کا تحفہ لے کر آئی ہے ، اس لیے بے روزگار نوجوان ان کی سالگرہ کو قومی یوم بے روزگاری کے طور پر منارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا میں نوجوانوں کی سب سے بڑی آبادی والا ملک ہے لیکن ملک کے 60 فیصد نوجوان بے روزگار گھوم رہے ہیں اور 20 سے 24 سال کی عمر کے 42 فیصد نوجوان بے روزگار ہیں۔ ملک میں 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے لیکن مودی حکومت صرف دو منتخب صنعت کاروں کے لیے کام کر رہی ہے اور اسے بے روزگار نوجوانوں کا مسئلہ نظر نہیں آرہا ہے ۔ یوتھ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ملک کا ہر چھٹا گریجویٹ نوجوان بے روزگار ہے ۔ آٹھ سالوں میں 22 کروڑ لوگوں نے مرکزی حکومت کی نوکریوں کے لیے اپلائی کیا، لیکن مودی حکومت ایک فیصد لوگوں کو بھی نوکریاں نہیں دے سکی۔
بے روزگاری کی شرح ایک سال کی بلند ترین سطح پر ہے ۔ صرف اگست میں 20 لاکھ نوکریاں ختم ہوئیں۔ مرکز اور ریاستوں میں 60 لاکھ عہدے خالی ہیں، حکومت اس پر کچھ کیوں نہیں کر رہی؟