مودی کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ‘ امیت شاہ

,

   

اقتدار ملنے پر بی جے پی ‘ 17 ستمبر کو سرکاری طور پر یوم آزادی تلنگانہ منائے گی: وزیر داخلہ کا نرمل میں جلسہ سے خطاب
نرمل /17 ستمبر ( سیاست نیوز )مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج نرمل شہر کا دورہ کرتے ہوئے نرمل منڈل کے موضع ایلاپی کے قرب میں واقع کریشر گراؤنڈ میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ یوم آزادی تلنگانہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یوم انظمام تلنگانہ کی عوام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہماراملک 15/اگست 1947کو آزاد ہوا لیکن تلنگانہ کے علاوہ مہاراشٹرا کے پانچ اضلاع اور کرناٹک کے تین اضلاع کو 17ستمبر کونظام دور حکومت سے 13مہینوں کے بعد آزادی ملی انہوں نے کہا کہ ریاستی ٹی آر ایس حکومت مجلس کے خوف سے 17ستمبر کو سرکاری طور یوم انظمام تلنگانہ منانے سے گریز کررہی ہیں جبکہ مہاراشٹر اور کرناٹک میں سرکاری طور پرمذکورہ پروگرام کو آج بھی منایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ 2024میں تلنگانہ میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کے بعد 17ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ تقریب سرکاری طور پر منائی جائے گی ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی مجلس سے خوف زدہ نہیں ہوگی مرکزی وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے علحدہ تلنگانہ تحریک کے موقع پر یوم آزادی تلنگانہ تقریب کو سرکاری سطح پر منانے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ اپنے وعدے سے منحرف ہوکر یوم آزادی تلنگانہ تقریب کو سرکاری طور پر نہیں منارہے ہیں کے سی آر کو چاہیے کہ تلنگانہ کی عوام سے معافی مانگ کر سرکاری طور پر آزادی تلنگانہ تقریب منائیں انہوں نے کہا کہ 1860میں نرمل کے معصوم دلتوں کی نظام کے خلاف جنگ پر ایک ہزار افراد کو پھانسی پر لٹکا دیا گیا ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوںنے کہا کہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں ملک ترقی راہ پر گامزن ہے آج کا دن وزیراعظم نریندر مودی کا یوم پیدائش ہے آج ملک بھرمیں کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ٹیکہ اندازی پروگرام جاری ہیں اس پروگرام سے ایک کروڑ عوام کو مفت ٹیکہ دیا جائیگا اور آج بی جے پی یوا کی جانب سے خون کا عطیہ دیاگیا ۔ تلنگانہ میں مجلس سے ڈرنے والی اور ایک خاندان کی سرکار چل رہی ہیں عوام اس سے عاجز ہیں بی جے پی ملک کی ہمہ جہتی ترقی اور خواتین کے تحفظ کیلئے کام کرنے والی جماعت ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر حضور آباد ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار سابقہ وزیر ای راجندر کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ رکن پارلیمنٹ عادل آباد سویم باپو راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد کسانوں سے ناانصافی کی جارہی ہے ۔ کسانوں سے انصاف اور آرمور تا عادل آباد ریلوے لائن بچھانے،ایر پورٹ کے قیام کا مرکزی وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا علاوہ ازیں مرکزی وزیر کشن ریڈی،ریاستی صدر بی جے پی بنڈی سنجے،اروند کمار ایم پی نے جلسہ سے خطاب کیا ۔ جلسے میں بی جے پی قائدین ڈی کے ارونا، راتھوڑ رمیش،ڈاکٹر رما دیوی،گنیش چکرورتی، بھومیا، راولا رام ناتھ کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ قبل ازیں امیت شاہ کی نرمل آمد پر کلکٹر مشرف فاروقی،ضلع ایس پی نرمل سی ایچ پراوین ‘ایڈیشنل کلکٹر ہیمنت بورکڑے و دیگر نے استقبال کیا۔