دہرادون: دہرادون کے ایک اسکول پر وزیر اعظم نریندر مودی کے من کی بات پروگرام کو سننے کے لیے اسکول نہ پہنچنے والے طلبہ سے 100 روپے جرمانہ وصول کرنے کا الزام ہے، یہ بات ایک عہدیدار نے جمعہ کو کہی۔ اس سلسلے میں اسکول انتظامیہ کی جانب سے اسکول کے واٹس ایپ گروپ میں احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ نیشنل اسوسی ایشن فار پیرنٹس اینڈ اسٹوڈنٹس رائٹس کے قومی صدر عارف خان نے چیف ایجوکیشن آفیسر دہرادون کو خط لکھ کر اس معاملے میں کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے اسکول کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب طلب کرلیا ہے۔ عارف خان نے کہا دہرادون کی جی آر ڈی نرنجن پور اکیڈمی نے اتوارکو من کی بات پروگرام کے لیے اسکول نہ پہنچنے والے بچوں کو100 روپے جرمانہ یا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔ والدین نے اس کا اسکرین شاٹ بھی دکھایا ہے۔ چیف ایجوکیشن آفیسر پردیپ کمار نے کہا اسکول کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے اور اگر اسکول تین دن کے اندر اپنا موقف پیش نہیں کرتا ہے، تو یہ سمجھا جائے گا کہ اسکول کی جانب سے طلباء سے رقم مانگی گئی تھی۔ اس کے بعد محکمہ کارروائی کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ماہانہ ریڈیو شو من کی بات نے 30 اپریل کو100 اقساط مکمل کیں۔ 100 ویں قسط ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں اسکولوں سمیت کئی مقامات پر خصوصی پروگرام منعقد کیے گئے۔