حیدرآباد 3 مئی(یواین آئی)آندھرا پردیش کانگریس کی صدروائی ایس شرمیلانے وزیر اعظم نریندر مودی کے امراوتی دورہ پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا رویہ ایسا ہے جیسے صرف دھواں ، آگ نہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ کی دفعہ 94(3) کے مطابق نئی ریاست کے دارالحکومت کی تعمیر کی ذمہ داری مرکز پر عائد ہوتی ہے ، اور امراوتی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی مرکز کی ذمہ داری ہے ۔شرمیلا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ 2015 میں مٹی کو ہاتھ لگا کر وعدے کئے گئے ، اور آج صرف چونا لگا کر چلے گئے ۔ 10 سال پہلے جو جھوٹے وعدے کیے گئے ، آج انہیں کو خوبصورت لفظوں میں دہرا کر عوام کو پھر دھوکہ دیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کیا دارالحکومت کی تعمیر کیلئے ایک روپیہ بھی مرکزی حکومت نے اعلان کیا؟۔ کیا امراوتی کی تعمیر میں مرکزی حکومت نے کوئی عملی مدد دی؟۔ کیا تقسیم کے وقت دی گئی وعدوں پر کوئی مہلت دی گئی؟ ۔ کیا مرکز نے امراوتی کو قانونی حیثیت دی؟ ۔ انہوں نے چیف منسٹر چندر بابو نائیڈو کو مشورہ دیا کہ انہیں ہوشیاری سے مودی کی باتوں کا جائزہ لینا چاہیے۔