نئی دہلی 19 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے پرتگال کے اپنے ہم منصب انتونیو کوسٹا سے ملاقات کی اور دفاع، سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعلقات کو مستحکم کرنے کے بشمول سرحدی نقشہ راہ پر بات چیت کی۔ انتونیوکوسٹا، نریندر مودی کی دعوت پر ہندوستان کے دورہ پر ہیں جو مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش تقاریب کے حصہ کے طور پر آرگنائزنگ کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ پرتگال کے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ہندوستان کے پہلے دورہ پر مودی نے کوسٹا کا شاندار خیرمقدم کیا۔ وزارت خارجی اُمور کے ترجمان رویش کمار نے بتایا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران دونوں قائدین کی یہ تیسری ملاقات ہے۔ دونوں قائدین نے کئی بین الاقوامی پروگراموں کے موقع پر بھی بات چیت کی ہے۔