نئی دہلی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اپنی سرکاری قیامگاہ پر ناشتے پر 47 تا 56 سال کی عمر والے بی جے پی ایم پیز کی میزبانی کی۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم جمعرات کو 56 سال سے زائد عمر والے اپنے پارٹی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کریں گے۔ آج کی میٹنگ اس نوعیت کے سلسلے کی چھٹی کڑی ہے جس میں وزیراعظم نے اپنے پارٹی کے ارکان مقننہ کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی کے تمام قانون سازوں کو 7 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن سے مودی یکے بعد دیگر ملاقات کریں گے۔
رابرٹ وڈرا کو ای ڈی کیس میں
دو ہفتوں کی مزید مہلت
نئی دہلی۔17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) رابرٹ وڈرا نے منی لانڈرنگ کیس میں ان کی پیشگی ضمانت کے جواز کو چیلنج کرنے والی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی )کی عرضی پر اپنا جواب داخل کرنے کے لیے دہلی ہائی کورٹ سے مزید وقت مانگا ہے۔ جسٹس چندر شیکھر نے رابرٹ کو دو ہفتوں کا وقت دیا اور کہا کہ 26 ستمبر کو معاملے کی آئندہ سماعت کی جائے گی۔ رابرٹ کے وکیل نے کہا کہ وہ بیرون ملک گئے ہیں اور اس دوران عدالت کی نوٹس وصول ہوئی۔ ان کی واپسی 11 جولائی کو ہوئی اس لیے جواب تیار نہ کیا جاسکا۔