مودی کے اچھے دن عوام کے برے دن میں تبدیل:چاڈا وینکٹ ریڈی

   

عوام سے زیادہ کارپوریٹ گھرانوں سے ہمدردی، تلنگانہ میں اپوزیشن کا مشترکہ ایجی ٹیشن
حیدرآباد ۔ /6 اکٹوبر ، ( سیاست نیوز) سکریٹری سی پی آئی تلنگانہ چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی نے عوام کیلئے اچھے دن کا وعدہ کیا تھا لیکن مودی حکومت میں عوام کے برے دنوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں میں مودی حکومت کے تمام فیصلے عوام کے مفادات کے خلاف کئے گئے اور انتخابی مہم میں کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے ہر سال ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے اور 100 دنوں میں مہنگائی ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ نوٹ بندی کے ذریعہ بلاک منی حاصل کرنے اور ہر شخص کے کھاتہ میں 15 لاکھ جمع کرنے کا اعلان بھی صرف انتخابی جملہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی وزیر اعظم کی حیثیت سے عوام سے زیادہ کارپوریٹ گھرانوں کے ہمدرد ثابت ہوئے ہیں۔ حکومت کا ہر فیصلہ کارپوریٹ گھرانوں کے حق میں ہے۔ زرعی قوانین کے ذریعہ پیداوار پر کارپوریٹ شعبہ کا حق ثابت کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے جس کے خلاف گزشتہ ایک سال سے کسانوں کا احتجاج ملک بھر میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شعبہ کے اداروں کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کئی اداروں میں خانگی شعبہ کی حصہ داری کا آغاز ہوا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عوام مودی حکومت کے فیصلوں سے بیزار ہوچکے ہیں اور انہیں انتخابات کا انتظار ہے۔ وینکٹ ریڈی نے قبائیلیوں کیلئے جنگلاتی اراضی پر حصہ داری کے بارے میں چیف منسٹر کے وعدہ کا حوالہ دیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے اپنے وعدہ سے انحراف کرلیا جس کے نتیجہ میں محکمہ جنگلات کے عہدیدار قبائیلیوں سے اراضیات جبراً چھین رہے ہیں۔ بائیں بازو کی جماعتیں قبائیلیوں کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام ہم خیال جماعتوں نے مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔ ر