مودی کے بارے میں گورنر میگھالیہ کا بیان حقائق پر مبنی: ہنمنت راؤ

   

کسانوں کی موت پر مودی کو دکھ نہیں، کارپوریٹ اداروں کی بھلائی کی فکر
حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گورنر میگھالیہ ستیہ پال ملک کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق دیئے گئے بیان کو حقائق پر مبنی قرار دیا اور کہا کہ گورنر نے ربر اسٹامپ ہونے کی روایت سے انحراف کیا ہے۔ سابق صدر پردیش کانگریس ڈی ہنمنت راؤ نے کہا کہ عام طور پر گورنرس مرکزی حکومت کے حق میں اظہار خیال کرتے ہیں کیونکہ مرکزی حکومت ان کا تقرر کرتی ہے۔ گورنر چونکہ ایک دستوری عہدہ ہے لہذا انہیں سیاسی مفادات کے بجائے عوامی مفادات کو ترجیح دینی چاہئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کسانوں کے بارے میں وزیر اعظم کا ریمارک انتہائی افسوسناک ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ کسانوںکی ایجی ٹیشن کے دوران موت پر وزیر اعظم کو کوئی افسوس نہیں ہے۔ مرکزی حکومت نے زرعی شعبہ کو کارپوریٹ گھرانوں کے حوالہ کرنے کے لئے قانون سازی کی تھی لیکن کسانوں نے ایک سال تک مسلسل جدوجہد کے ذریعہ حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ نریندر مودی کو عوام کے کسی بھی شعبہ سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سرکاری اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالہ کرتے ہوئے لاکھوں افراد کو بے روزگار کرنے کی تیاری ہے۔ کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پہلے ہی لاکھوں افراد روزگار سے محروم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ کورونا وباء کے دوران اڈانی اور امبانی کے اثاثہ جات میں 400 گنا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو جب کسانوں سے ہمدردی نہیں تو وہ عوام کی فکر کیا کریں گے۔ ہنمنت راؤ نے تمام اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ عوامی شعبہ کے اداروں کے تحفظ کے لئے متحد ہو جائیں۔ ہنمنت راؤ نے مرکز کی بی جے پی حکومت سے سوال کیا کہ کے سی آر کی بدعنوانیوں کا ٹھوس ثبوت ہونے کے باوجود تحقیقات سے گریز کیوں کیا جارہا ہے؟ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بی جے پی قائدین سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ کے سی آرحکومت کی بدعنوانیوں ٹھوس ثبوت مرکز کے پاس موجود ہے۔ ر