بنگلور : بی جے پی نے ایک بار پھر شہر میں وزیر اعظم نریندر مودی کے روڈ شو کے شیڈول میں تبدیلی کی ہے ۔اتوار کو دوپہر 2 بجے ہونے والے قومی اہلیت کم داخلہ ٹسٹ کے امتحانات کے پیش نظر اس دن منعقد ہونے والے 26 کلومیٹر طویل روڈ شو کا شیڈول تبدیل کر کے ہفتہ کو کر دیا گیا ہے ۔ بی جے پی ایم پی شوبھا کرندلاجے نے جمعہ کو یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے وزیر اعظم کو 7 مئی کو امتحانات کے بارے میں مطلع کیا تھا۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، وہ طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں اور ان کی تعلیم اور مستقبل کی فکر کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمیں بتایا کہ روڈ شو کی وجہ سے کسی طالب علم کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا چاہئے ۔
