مودی کے جملوں کی بارش سے اندرا دیوتا بھی شرما جائیں: تیجسوی

   

پٹنہ، 18 جولائی (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے دورہ بہار سے قبل تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ اس بار مودی اپنے جملوں کی ایسی موسلا دھار بارش کریں گے کہ اندرا دیوتا بھی شرما جائیں گے ۔ یادو نے جمعہ کو ایکس پر لکھا کہ سب سے پہلے وزیر اعظم آج’ساون میں مٹن پارٹی‘ کرنے والے لیڈروں کو موتیہاری میں اسٹیج پر اعزاز دے کر خود پر فخر محسوس کریں گے اور اپنے پروچنوں کے دوہرے پن کو عوامی طور پر متعارف کرائیں گے ۔’’ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی 132 ماہ قبل موتیہاری میں شوگر مل کھلواکر اس کی چینی سے بنی چائے پینے کا اپناوعدہ وزیر اعظم بننے کے ساڑھے 11 سال بعد بھی پورا نہ کرنے کے گناہ کی تلافی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی اس ناکامی کا ذمہ دار سمراٹ اشوک یا چندرگپت موریہ کو ٹھہرائیں گے ۔ وہ بہار میں قابو سے باہر ہورہے جرائم کے لیے پانچ دہائیوں پہلے کی حکومتوں کو مورد الزام ٹھہرائیں گے ۔ حزب اختلاف کے لیڈر نے کہا کہ بہار میں بڑھتے جرائم اور بے قابو حکمرانی کے باوجود وہ اپنی زبان سے بہار کو نمبر ون قرار دیں گے ۔ نومبر تک وہ سلگتے ہوئے امور کے بجائے خیالی ہولناکیوں پر بات کریں گے ۔ مسٹر مودی یہ اعلان نہیں کریں گے کہ انتخابات کے بعد بھی نتیش کمار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کے وزیر اعلیٰ ہوں گے ۔آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ مسٹر مودی بہار جیسی غریب ریاست کے 100 کروڑ روپے اپنی ریلی پر خرچ کرکے چند گھنٹوں میں واپس دہلی اُڑ جائیں گے ۔