حیدرآباد ، 9 فروری (یو این آئی) اے پی کو خصوصی درجہ نہ دیئے جانے ، اے پی تنظیم نو قانون میں کئے گئے وعدوں کا احترام نہ کرنے پر وزیراعظم مودی کے اتوار کو ریاست کے دورہ کی شدت کے ساتھ مخالفت کی جارہی ہے ۔بعض تنظیموں کی جانب سے سیاہ بیاچس لگاتے ہوئے احتجاج کا آغاز کیاگیااور مودی واپس جاوکے نعرے بھی لگائے گئے ۔ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ اے پی کے ساتھ مودی نے دغابازی کی ہے ۔ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ ریاست سے دھوکہ کرنے والے مودی کس طرح ریاست کا دورہ کر رہے ہیں۔بائیں بازو کی جماعتوں کے لیڈروں نے ضلع کڑپہ میں مٹی کے خالی گھڑوں کے ساتھ احتجاج کیا۔گناورم ایرپورٹ سے گنٹور جانے والی شاہراہ پر مودی کا ایک ہورڈنگ لگاتے ہوئے مودی واپس جاو کا نعرہ لکھا گیا ۔اسی دوران خصوصی درجہ کے لئے جدوجہد کرنے والی سمیتی کے صدرنشین سی سرینواس نے اے پی سے ناانصافی کے خلا ف وزیراعلی این چندرابابونائیڈو کے 11فروری کو دہلی میں ایک روزہ احتجاج کی حمایت کی گئی ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرینواس نے کہاکہ اے پی کو خصوصی درجہ سمیت متحدہ اے پی کی تقسیم کے موقع پر کئے گئے وعدوں کی تکمیل تک مودی حکومت کی مخالفت کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مودی کے اتوار کو دورہ کی مخالفت کی جائے گی جنہوں نے رائل سیما اور شمالی آندھراپردیش کی ترقی کے لئے ایک بھی پیسہ نہیں دیا ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ اے پی کے ساتھ کوئی بھی سیاسی فائدہ نہ ہونے کے سبب ہی اے پی کو مودی نے نظرانداز کردیا ہے۔