مودی کے ساتھ اندرا گاندھی کی فوٹو بھی وائرل

   

نئی دہلی ۔ پورا ہندوستان اس وقت ٹیم انڈیا کے ساتھ ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی جیت کا جشن منا رہا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ویسٹ انڈیز میں ورلڈ کپ کا خطاب جیتنے کے بعد آج صبح دہلی پہنچی۔ دہلی میں ٹیم انڈیا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا دہلی کے موریا ہوٹل پہنچی۔ اس کے بعد ٹیم انڈیا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ جس کی ویڈیو بھی منظر عام پرآگئی ہے۔ ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے وزیر اعظم مودی کی رہائش گاہ 7، لوک کلیان مارگ میں تقریباً دو گھنٹے گزارے۔ اس دوران کھلاڑیوں نے پی ایم مودی کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کروایا۔ ٹیم کی تصویر کے دوران وزیر اعظم مودی کپتان روہت شرما اورکوچ راہول ڈراویڈ کے ساتھ کھڑے نظر آئے۔ لیکن مودی نے ٹی20 ورلڈ کپ ٹرافی کو ہاتھ نہیں لگایا۔ پی ایم مودی نے ایسا کیوں کیا اس کے پیچھے ایک خاص وجہ ہے۔ دراصل ایک عقیدہ ہے کہ ورلڈ کپ ٹرافی صرف چمپئن کے پاس ہے۔ حالانکہ ملک کے وزیر اعظم کو بھی ورلڈکپ ٹرافی کو چھونے کا حق ہے، لیکن پی ایم مودی نے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ٹرافی کو ہاتھ نہیں لگایا۔ اس قدم کے لیے پی ایم مودی کی کافی تعریف ہو رہی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 1983کے ورلڈ کپ کے بعد لی گئی ایک تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ ٹیم انڈیا نے اپنا پہلا آئی سی سی ورلڈکپ 1983 میں جیتا تھا۔ فائنل میں ویسٹ انڈیزکو شکست دے کر ہندوستان نے ایک ایسا کارنامہ سرانجام دیا جس نے پوری دنیا کو حیران کردیا۔ دراصل اس وقت ویسٹ انڈیز سب سے مضبوط ٹیم تھی اور ہندوستان نے اسے شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ اس وقت کی وزیر اعظم اندراگاندھی نے ہندوستان میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ اس کے بعد اندرا گاندھی نے ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے ساتھ فوٹو شوٹ بھی کروایا اور وہ ورلڈ کپ ٹرافی تھامے کھڑی تھیں۔