مودی کے وزیر اعظم بنتے ہی عوام کا چین و سکون ختم

   

کے سی آر اور جگن کی مودی کو تائید، رکن اسمبلی جگا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/6اکٹوبر، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن اسمبلی جگا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اتر پردیش میں کسانوں کو گاڑی سے روندنے والے مرکزی وزیر کے فرزند کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا جبکہ متاثرہ خاندانوں سے ملاقات سے روکنے کیلئے پرینکا گاندھی کو گرفتار کیا گیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جگا ریڈی نے کہا کہ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت دستوری اور جمہوری اصولوں کے خلاف تانا شاہی کی طرح کام کررہی ہے۔ کسانوں کی موت رائیگاں نہیں جائے گی اور یوگی حکومت کا زوال یقینی ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مرکزی وزیر کو کابینہ سے فی الفور برطرف کیا جائے کیونکہ وہ ابھی بھی اپنے بیٹے کو بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ مملکتی وزیر داخلہ کی حیثیت سے وہ پولیس پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔ جگاریڈی نے کہا کہ مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے ملک کے عوام کا چین و سکون ختم ہوچکا ہے۔ کبھی مذہب تو کبھی سیاہ قوانین کے ذریعہ عوام کو باٹنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کے زرعی قوانین سے دستبرداری ضروری ہے کیونکہ قوانین کے ذریعہ زرعی پیداوار پر کسانوں کا حق ختم کرتے ہوئے کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں نہرو سے منموہن سنگھ تک ہمیشہ کسانوں کے مفادات کو ترجیح دی گئی۔ اتر پردیش میں کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے کیلئے جس طرح غیرانسانی طریقہ سے گاڑی سے روندا گیا اسے ہرگز معاف نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب احتجاجیوں کو گاڑی سے روند دیا گیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کل لکھنو کے دورہ پر تھے لیکن انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار تک نہیں کیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ کے سی آر اور جگن دونوں مرکز میں مودی حکومت کی تائید کررہے ہیں۔ پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور کے سی آر اور جگن کو عوام پر پڑنے والے بوجھ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ جگاریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کے سی آر اور جگن کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں جن کے سبب عوام پر بوجھ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ر