ضرورت پڑنے پر جیل جاؤں گا، تلگودیشم ایم پی کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 مارچ (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن پارلیمان حلقہ لوک سبھا گنٹور مسٹر جی جئے دیو نے مرکزی بی جے پی حکومت کو ہدف ملامت بناتے ہوئے سخت الفاظ میں کہا کہ ’’وہ کسی سے ڈرنے و گھبرانے والے ہرگز نہیں ہیں‘‘ بلکہ ضرورت پڑنے پر وہ جیل جانے کیلئے بھی تیار ہیں۔ آج گنٹور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی سابق کی طرح ریاست گجرات میں جس نوعیت کی سیاست کی تھی، وہی سیاسی صورتحال ملک بھر میں پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس مرتبہ تنہا نہیں بلکہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے علاوہ صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے ساتھ مل کر ملک بھر میں بدامنی پھیلانے اور فرقہ وارانہ نوعیت کی صورتحال پیدا کررہے ہیں۔ رکن پارلیمان تلگودیشم پارٹی نے تینوں قائدین کی متحدہ سازشوں کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر جے دیو نے بتایا کہ لوک سبھا میں اپنی کی ہوئی بجٹ تقریر میں وزیراعظم نریندر مودی کو بے نقاب کیا گیا تھا جس کے پیش نظر اب وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ان کو مرکزی حکومت کے زیرانتظام شعبہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے ذریعہ نوٹسیں جاری کروائی گئی ہیں۔ مسٹر جی جئے دیو نے واضح طور پر کہا کہ وہ اپنے کاروبار سے متعلق مکمل طور پر ٹیکسیس وغیرہ کی ادائیگی کے پابند ہیں اور ٹیکسیس کی ادائیگی میں نہ ہی کوئی کوتاہی پائی جاتی ہے اور نہ ہی کسی قسم کی بے قاعدگی پائی جاتی ہے اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کی جانب سے دھاوے کرنے کے باوجود کوئی ایک معمولی نوعیت کی بے قاعدگی کا انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے عہدیداروں کو پتہ نہیں چل سکا۔