مودی کے 95روزہ دور اقتدار کا خمیازہ ملک بھگت رہا ہے: کھرگے

   

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملک ارجن کھرگے نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کی تیسری میعاد کے گزشتہ 95 دنوں میں جو بھی غلط کام ہوئے ہیں اس کا خمیازہ ملک بھگت رہا ہے ۔ کھرگے نے ٹوئٹ کر کے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہنریندر مودی جی، آپ نے انتخابات سے پہلے ہی 100 دن کے ایجنڈے کا زور زور سے بگل بجایا تھا، اب 95 دن گزر چکے ہیں اور آپ کی مخلوط حکومت ڈگمگا رہی ہے ۔ حکومت کے 95 دن کے کام کاج کا حوالہ دیتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ آئیے مختصراً جائزہ لیں۔ آپ کی حکومت غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑنے کے لیے عوام مخالف بجٹ لائی ہے ۔ جموں و کشمیر میں خاص طور پر جموں میں دہشت گردانہ حملے ہوئے ، جس میں فوج کے کئی بہادر جوانوں کو شہادت دینی پڑی اور گزشتہ 16 ماہ سے منی پور جل رہا ہے ، وزیر اعظم نے پیچھے مڑ کر بھی وہاں نہیں دیکھا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ بی جے پی مودی۔اڈانی میگا گھوٹالے میں سیبی کی چیئرپرسن کا جو رول سامنے آیا ہے اور دیگر مالیاتی لین دین سامنے آئے ہیں، ان سے بی جے پی بھاگ نہیں سکتی ۔ این ای ای ٹی پیپر لیک گھوٹالہ ہو یا بے روزگاری کے خوفناک مناظر، مودی حکومت ہر قدم پر نوجوانوں کو دھوکہ ہی دیا ہے ۔مہاراشٹر میں چھترپتی شیواجی کا مجسمہ ہو، نئی پارلیمنٹ ہو ، ایئرپورٹ کی چھت ہو یا ایودھیا میں بھگوان کا مندر، ریلوے ، سڑک پل جو بھی بنانے کا دعویٰ کیا گیا، ان سب میں خامیاں پائی گئی ہیں او ریلوے کی سیکورٹی درہم برہم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی شہروں میں سیلاب جیسے حالات ہیں اور ریاستوں کو مناسب سیلاب راحت فراہم نہیں کی گئی ہے ۔کھرگے نے کہا کہ لوگوں اور انڈیا اتحاد کی وجہ سے وقف بل جے پی سی کے حوالے کرنا پڑا ۔