احمدآباد،2اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام)وزیراعظم نریندرمودی بدھ کو بابائے قوم مہاتما گاندھی کی 150ویں جینتی کے موقع پر سابرمتی ریورفرنٹ میں ملک بھر کے 20ہزار سے زیادہ سرپنچوں کے کانفرنس میں پورے ملک کے کھلے میں رفع حاجت سے پاک ہونے کا اعلان کریں گے ۔مسٹر مودی بدھ کی شام پونے چھ بجے احمدآباد پہنچ جائیں گے ۔احمدآباد ایئر پورٹ کے باہر واقع میدان پر کارکنان انہیں اعزاز سے نوازیں گے ۔مسٹر مودی شام کو سابرمتی گاندھی آشرم میں گاندھی جی کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کریں گے اور ان کی اصل رہائش گاہ ہردے کنج سمیت گاندھی آشرم کے مختلف حصوں کا دورہ کریں گے ۔ سرپنچ کانفرنس میں گجرات کے دس ہزار سرپنچوں کے علاوہ اترپردیش ،بہار ،مہاراشٹر،راجستھان ،مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ،پنجاب اور ہریانہ سمیت دیگر ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے بھی دس ہزار سرپنچوں سمیت کل بیس ہزار سرپنج شرکت کریں گے ۔رات کو ساڑھے آٹھ بجے مسٹر مودی احمدآباد کے جی ایم ڈی سی میدان پر منعقد نوراتری تہوار میں بھی حصہ لیں گے ۔اس کے بعد وہ رات کو ہی نئی دہلی روانہ ہوجائیں گے ۔