آگرہ 24 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) لوک سبھا انتخابات کو دہشت گردی کے خاتمہ اور پاکستان کو منہ توڑ جواب دینے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ صرف نریندر مودی کی قیادت والی حکومت ہی ایسا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے وجئے سنکپ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد ملک کی حفاظت نہیں کرسکتا اور صرف مودی زیر قیادت بی جے پی حکومت ایسا کرسکتی ہے ۔ انہوں نے کانگریس صدر راہول گاندھی پر ملک کے سپاہیوں کی بہادری کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ پاکستان میں بالاکوٹ کے مقام پر کئے گئے سرجیکل حملوں پر سوال کر رہے ہیں۔ انہوں نے راہول گاندھی سے سوال کیا کہ وہ ووٹ بینک کی سیاست کیلئے کس حد تک گر جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کیلئے ملک کی سلامتی سے نہیں کھیلا جانا چاہئے ۔ امیت شاہ نے اپوزیشن قائدین مایاوتی ‘ شرد پوار ‘ ایم کے اسٹالن اور ممتابنرجی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہ مودی کو بیدخل کرنا تو چاہتے ہیں لیکن ان میں لوک سبھا انتخاب لڑنے کی ہمت نہیں ہے ۔