مودی ۔میکراں کی سرحد پار دہشت گردی کو روکنے کی اپیل

   

Ferty9 Clinic

پیرس، 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدرامانوئل میکرون نے دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور ان کی ما لی امداد اور بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کے لئے دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کی ۔مسٹر مودی یہاں فرانس کے دورے پر پہنچے ، جہاں 24 اگست کو وہ G-7 سمٹ میں بھی شرکت کریں گے ۔ مسٹر مودی اور مسٹر میکرون کے درمیان دو طرفہ مذاکرات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک نے القاعدہ، داعش، جیش محمد، لشکر طیبہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کے جنوبی ایشیا اورساحل خطے میں سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لئے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اپیل کی ہے ۔ بیان میں کہا گیا‘‘دونوں لیڈروں نے دنیا بھر میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لئے ہندوستان کی طرف سے تجویز کردہ عالمی کانفرنس کے جلد انعقاد کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا’’ ۔ مسٹر مودی نے اس سال جون میں مالدیپ کے دورہ کے دوران پہلی مرتبہ دہشت گردی پر ایک عالمی کانفرنس کی تجویز پیش کی تھی ۔