مودی ۔ شاہ ناقابل شکست نہیں : شیوسینا

   

ممبئی ۔ شیوسینا نے آج کہا کہ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے نتائج نے ثابت کردیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ ناقابل شکست نہیں ہیں۔ پارٹی کے ترجمان اخبار سامنا میں ایک اداریہ میں یہ بات ۔ اخبار میں کہا گیا ہے کہ چار ریاستوں مغربی بنگال ‘ آسام ‘ ٹاملناڈو ‘ کیرالا کے علاوہ مرکزی زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے لیکن ساری نظریں صرف مغربی بنگال پر تھیں ۔ ملک میں شدت سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کرنے کی بجائے ساری مرکزی حکومت بشمول وزیر اعظم نریندر مودی انتخابات میں مصروف تھے ۔ ہر روز مغربی بنگال کے دورے کئے جا رہے تھے تاکہ چیف منسٹر ممتابنرجی کو شکست دی جاسکے ۔ ممتابنرجی نے تمام تر کاوشوں اور سازشوں کے باوجود شاندار کامیابی حاصل کی ہے حالانکہ بی جے پی نے انہیں نیچا دکھانے کی ہر ممکن کوشش کی تھی ۔ ریاست میں ممتابنرجی کو مسلسل تیسری معیاد کیلئے اقتدار حاصل ہوا ہے ۔ اخبار سامنا میں تحریر کیا گیا کہ جو نتائج آئے ہیں ان سے ثابت ہوگیا ہے کہ نریندر مودی اور امیت شاہ تمام تر سرکاری مشنری اور ٹکنالوجی سے استفادہ کے باوجود ناقابل شکست نہیں ہیں۔ انہیں بھی شکست دی جاسکتی ہے ۔