کولکاتا، 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) راشٹریہ جنتادل لیڈر تیجسوی یادو نے آج الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے ایک سازش کے تحت سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور ان کے دیگر افراد خاندان کے خلاف سرگرم کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا جا رہا ہے کیونکہ ان کے خاندان نے فرقہ وارانہ خطوط پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں حصہ داری سے انکار کردیا تھا ۔ کولکتہ میں اپوزیشن کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مودی جھوٹ بناتے ہیں ‘ ہول سیل میں فروخت کرتے ہیں اوراسے تقسیم کرتے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کی کوششوں کیلئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی ستائش کی ۔