اوساکا ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی نے جمعہ کے روز جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ملاقات کی جہاں دونوں قائدین نے ہند ۔ جرمن تعلقات کو مزید استحکام دینے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں فرضی انٹلیجنس اور سائبر سیکوریٹی کے حساس موضوعات پر بھی دونوں قائدین نے بات چیت کی۔ یاد رہیکہ جاپان کے اس بندرگاہی شہر میں دونوں قائدین کی G-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔ وزارت امورخارجہ ہند کے ترجمان رویش کمار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی اور مرکل جی کے درمیان ملاقات سودمند ثابت ہوگی کیونکہ دونوں ہی قائدین نے فرضی انٹلیجنس، ای ۔ موبیلٹی، سائبر سیکوریٹی، ریلوے کو عصری جہت دینے اور اسکل ڈیولپمنٹ کے شعبہ جات میں باہمی تعاون میں اضافہ کے موضوعات پر بات چیت کی جو مستقبل قریب میں ثمر آور ثابت ہوگی۔ انجیلا مرکل نے سب سے پہلے نریندر مودی کو ان کے حالیہ انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ یاد رہیکہ یوروپی یونین کے 28 رکن ممالک میں سے جرمنی ایک ایسا ملک ہے جس کی ہندوستان کے ساتھ زبردست تجارتی شراکت داری ہے۔